بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا، کپتان کوہلی کی تربیتی سیشن میں انگلی زخمی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ورلڈ کپ 2019میں اپنا سفر شروع کرنے سے قبل ہی بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، کپتان ویرات کوہلی تربیتی سیشن کے دوران انگلی پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں۔بھارتی خبر رساں اداریکے مطابق کوہلی کے زخمی ہونے کی خبر سے بھارتی کیمپ میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی کیونکہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں فقط چار دن رہ گئے ہیں۔اس بارے میں ٹیم انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے ڈاکٹر اس وقت ویرات کوہلی کی نگہداشت میں سرگرم ہیں تاکہ عالمی کپ کے پہلے میچ میں وہ ٹیم کیلئے دستیاب ہو سکیں۔اس بارے میں کوئی حتمی معلومات نہیں ملیں کہ آیا یہ واقعہ بلے بازی کے دوران پیش آیا یا فیلڈنگ کے دوران ان کی انگلی پر زخم آیا ہے۔تربیتی سیشن کے اختتام پر ویرات کوہلی برف ملے پانی میں انگھوٹا رکھ کر میدان سے باہر جاتے دکھائی دیئے۔