• news

چاند رات ، عید پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں : عثمان بزدار

لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب میں 177ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھول دیا گیاہے۔محکمہ جنگلات،جنگلی حیات اورماہی پروری کے 41، زراعت کے 17اور آبپاشی کے 90ریسٹ /گیسٹ ہاؤسزکو عوام کیلئے کھولا گیا ہے جبکہ محکمہ تعمیرومواصلات کے 10، بلدیات کے 15اور لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے 4ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز بھی عوام کے لئے کھول دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات متعلقہ محکموں اورٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کی ویب سائٹس پر موجود ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے کے ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کو عوام کے لئے اوپن کیا گیا ہے ۔عوام ویب سائٹس پر ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کی تفصیلات دیکھ کربکنگ کراسکتے ہیں ۔ صوبے کے دیگرریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کو بھی جلد عوا م کے لئے کھول دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے بعض ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز پرقبضے و اگزار کرانے کیلئے فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اورقبضے واگزار کراکررپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے ۔ سردار عثمان بزدارسے وزیر قانون و بلدیات محمد بشارت راجہ نے ملاقات کی،جس میں چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی ، صفائی کے انتظامات اور جھولوں کی سیفٹی کیلئے اقدامات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چاند رات اورعید الفطر کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیںاورپولیس امن عامہ کی صورتحال کو مزیدبہتر بنانے کیلئے محنت اور جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔ چاند رات اور عیدالفطر پرپولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیںاور مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ سینئر پولیس حکام چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ عیدالفطر کے اجتماعات خصوصاً مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے اور وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے عیدالفطر کے موقع پر شہروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کیلئے مرتب کئے جانے والے ایکشن پلان پر عملدرآمد نظر آنا چاہیئے۔ عثمان بزدارنے گندم خریداری مہم کی کامیابی پر کاشتکاروںسے اظہار تشکرکیا ہے اور گندم خریداری کے ہدف کے حصول پر صوبائی وزیر خوراک، سیکرٹری خوراک اور فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی جا نب سے گندم خریداری مہم کی پذیرائی پر صوبہ بھر میں 8لاکھ21ہزار کاشتکاروں کوشکریہ کے ایس ایم ایس بھیجے گئے۔ اوورچارجنگ کے حوالے سے مسافرو ں کی شکایات کا سخت نوٹس لیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے مسافرو ں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرزمقررکردہ کرائے سے زائد وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرزکے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔
عثمان بزدار

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پنجاب اور خیبر پی کے کے ریسٹ ہاوسز کو عوام کے زیراستعمال لانے اور سیاحت کے فروغ کے لئے بروئے کار لانے کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیرِ سیاحت پنجاب راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے بتایا کہ پنجاب میں مختلف محکموں کے 177ریسٹ ہاسز کو عوام کے استعمال کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ محمد سلیم نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں کل ریسٹ ہائوسز کی تعداد 157ہے جو کہ محکمہ زراعت، جنگلات، پولیس و دیگر محکوموں کی ملکیت میں ہیں۔
وزیراعظم بریفنگ

ای پیپر-دی نیشن