جرمانہ ادا، وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب اور خیبر پی کے میں 820 قیدی رہا، حافظ آباد جیل کے13 قیدیوں کی سزا میں کمی
اسلا م آباد + حافظ آباد (صباح نیوز+ نمائندہ نوائے وقت) عیدالفطر کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اور خیبر پی کے میں 820 قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے یہ وہ قیدی ہیں جو اپنی سزا کی مدت پوری کر چکے تھے مگر جرمانہ ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے صوبائی حکومتوں نے کل 27 کروڑ روپے ان قیدیوں کو جرمانوں کے مد میں اد ا کئے۔ دریں اثناء حافظ آباد کے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق صدرپاکستان اور آئی۔جی۔پولیس(جیل خانہ جات) پنجاب کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد کے 13قیدیوں کو خصوصی ریمشن(چھوٹ) دیتے ہوئے سزائوںمیں45 دن کی کمی کر دی گئی۔ جیل پولیس ذرائع کے مطابق چھوٹ پانے والے قیدیوں میں امجد ولد ذوالفقار، نیئر اقبال ولد ذوالفقار، عبدالرحمن ولدسیف اﷲ، عرفان ولد بشیر ، محمد ابوبکر ولد محمد اشرف ، محبوب ولد ذوالفقار، شاہ زیب الحسن ولد منیر، شہباز ولد قدردان، سرفراز ولد اﷲبخش، عابد ولد عزیز، سرفراز ولد عاشق، افضل ولد منشاء اور شیر ولد احمد شامل ہیں۔