حج 2019 ء کیلئے سرکاری سکیم کی دوسری قرعہ اندازی 9932 افراد منتخب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد حکومت نے حج 2019 کے سلسلہ میں سرکاری سکیم کی دوسری قرعہ اندازی کر دی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حج کی دوسری قرعہ اندازی میں 9 ہزار 932 افراد کو منتخب کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 2 ہزار 165 افراد کو بغیر قرعہ اندازی کے منتخب کیا گیا۔ نور الحق قادری نے بتایا کہ ہمارا حج کا کوٹہ 2 لاکھ ہے۔ کامیاب عازمین کو آج سے ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔ انہیں 14 جون سے پہلے لوازمات جمع کرانا ہوں گے۔ ایک اچھی رقم حجاج کرام کو واپس بھی کی جائے گی۔ رہائش کھانے پینے کے اخراجات میں کمی کی وجہ سے بچت ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر سے ہر سال لاکھوں عازمین حج سرکاری اور پرائیویٹ کوٹے کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کرتے ہیں۔ حکومت نے 12 مارچ کو سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔