بھارتی فضائیہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ تباہ، 8رکنی عملے سمیت13ہلاک
دسپور+اسلام آباد (بی بی سی + صباح نیوز+سپیشل رپورٹ) انڈین ائیرفورس کا طیارہ اے این 32 گر کر تباہ ہو گیا‘ 13 افراد ہلاک ہو گئے۔ فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ آسام کے جوراہاٹ علاقے سے چینی سرحد کے قریب دوپہر بارہ بج کر پچپن منٹ پر ریاست اروناچل پردیش کے مینچکا میں ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ کے لئے روانہ ہوا تھا لیکن کچھ ہی دیر بعد طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے آخری رابطہ دوپہر ایک بجے ہوا تھا۔ ترجمان کے مطابق اس طیارے پر عملے کے آٹھ افراد سمیت 13 افراد سوار تھے۔ طیارہ جب وقت پر مینچکا ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ نہیں پہنچا تو اس کی تلاش شروع کر دی گئی۔ ونگ کمانڈ رتناکر سنگھ نے مقامی نامہ نگار دلیپ کمار شرما کو بتایا کہ طیارے کے ملبے کی تلاش میں فوج اور آئی ٹی بی پی کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ قبل ازیں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا انہوں نے اس لاپتہ طیارے کے بارے میں ائرمارشل بھدرویہ سے بات کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ’ائیرمارشل بھدوریہ نے مجھے لاپتہ طیارے کو تلاش کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیل بتائی ہے۔ میں طیارے پر سوار لوگوں کی خیریت کی امید کرتا ہوں۔ اے این 32 یعنی ’اینتونو‘ فوجی سازو سامان لانے لے جانے والا طیارہ ہے۔ انڈین ائیر فورس یہ طیارہ 1984 ء سے استعمال کر رہی ہے جسے یوکرائن کی اینتونو سٹیٹ کارپوریشن نے ڈیزائن کیا تھا۔ اینتونو کو ایک قابل اعتماد طیارہ تصور کیا جاتا ہے اور انڈین ائیر فورس اپنی کئی اہم مہمات میں اس کا استعمال کر چکی ہے۔ ائیرفورس ٹیکنالوجی ڈاٹ کام کے مطابق اس طیارے نے اپنی پہلی کامیاب پرواز 1983 ء میں کی تھی۔ سوویت ائیرفورس کو 1987 میں 25 اے این 32 طیارے ملے تھے اس کے علاوہ چار اے این 32 طیارے لیبیا کو 2005 میں دیئے گئے تھے۔