نوازشریف کے بغیر خوشیاں ادھوری، شہباز، عید پر بھی ملنے سے روکنا ظلم: مریم نواز
لندن+ لاہور ( نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) شہبازشریف نے امہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عید کے پرمسرت موقع پر مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اسیر نوازشریف کے بغیر عید کی خوشیاں نامکمل ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ نوازشریف جلد رہا ہوں، سیاسی انتقام کی بنیاد پران کی سزا کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جعلی و سیاسی مقدمات میں قید نواز کی صحت کو خطرہ لاحق ہے عید کے تہوار کے موقع پر جو بیٹی کو باپ سے ملنے کی اجازت نہ دیں ان سے بڑا ظالم کون ہوگا۔ ظلم نفرت اور انتقام کی غلیظ سیاست کرنے والوں کو نہیں بھولنا چاہئے کہ اللہ دنوں کوالٹتا پھیرتا ہے اور ہمیشہ کی بادشاہی اسی کی ہے۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر عید منانے کا اعلان کر دیا ہے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکنان کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچیں گے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نواز شریف سے مریم نواز اور دیگر کی ملاقات پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم سیاسی مخالفین کو ذہنی اذیت اور بدنام کرکے مریم نواز ہر روز پنجاب حکومت سے اپنے والدہ کو ملنے کی اجازت مانگ رہی ہیں اور پنجاب حکومت عمران کو خوش کرنے کیلئے اجازت نہیں دے رہی۔ سلیکٹڈ وزیراعظم سیاسی مخالفین کو ذہنی اذیت اور بدنام کرکے جھکا نہیں سکتے۔