• news

ملک بھر میں عید الفطر عقیدت و احترام سے منائی گئی‘ نماز کے روح پرور اجتماعات‘ ملکی سلامتی کیلئے دعائیں

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+اے پی پی+ نامہ نگار) ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں کھلے مقامات، مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں میں عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ علماء کرام نے عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفہ پر روشنی ڈالی جبکہ عید کے پرمسرت موقع پر ملکی ترقی، خوشحالی اور ا مت مسلمہ کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اسلام آباد میں عید کا سب بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا لاہور میںصبح ہوتے ہی نماز عید الفطر کی ادائیگی کیلئے لاہوریوں کی کثیر تعداد نے شہر کی مختلف مساجد اور عید گاہوں کا رخ کیا۔ نماز عید الفطر کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے گلے مل کرایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا، جہاں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے نما ز عید ادا کی، چیف جسٹس ہائیکورٹ سردارمحمد شمیم خان، جسٹس مامون رشید،جسٹس محمد امیر بھٹی نے جامع مسجد گالف روڈ جی او آر ون میں نماز عید ادا کی، شہریوں نے عید کی نماز ادا کرنے کے بعد قبرستانوں کا رخ کیا، جہاں انہوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول نچھاور کیے اور ان کیلئے دعائے مغفرت کی جبکہ عیدالفطر کے پہلے روز لاہوریوں کی بڑی تعداد نے مختلف سیرگاہوں کا رخ کر لیا، خصوصا چڑیا گھر میں بچوں اور بڑوں کا بہت رش رہا۔لاہور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات جامع مسجد داتا دربار، جامع مسجد منصورہ، مسجد وزیر خان، ریس کورس پارک، جامعہ اشرفیہ، جامعتہ المنتظر، جامعہ نعیمیہ، باغ جناح، مینار پاکستان ، مسجد شہدا، 77کلب گرائونڈ ایبٹ روڈ ، جامعہ غوثیہ رضویہ گلبرگ، ماڈل ٹائون پارک سمیت شہر کی مساجد ، میدانوںاور عید گاہوں میں منعقد ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن