پاکستان ہاکی فیڈریشن ‘ناراض اولمپیئنز کا کھیل کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ناراض اولمپیئنز نے قومی کھیل کی بہتری کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر پاکستان اولمپئنز فورم کے سربراہ منظور جونیئر کی قیادت میں پاکستان اولمپئنز فورم کے وفد کو 10 جون 2019 کو ظہرانہ دینگے اور اس کے بعد پریس کانفرس کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق اس ظہرانے میں پاکستان اولمپئنز فورم کے سربراہ منظور جونیئر کی قیادت میں اولمپئنزفورم کا وفد و ہاکی اولمپینز کے علاوہ صحافی حضرات بھی شرکت کرینگے، ظہرانہ صدر پی ایچ ایف بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی رہائش گاہ واقع اسلام آباد میں دیا جائے گا۔ اولمپیئن نوید عالم کا سوشل میڈیا کے ذریعے کہنا تھا کہ کسی ایک دو افراد کا ذاتی حیثیت سے ملنے کا ہرگز مطلب نہیں کہ اولمپیئنز فورم ان سے ملاقات کے لیے جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مزید کوئی این آر او نہیں ہوگا۔