• news

جسٹس مامون الرشید کا عید پر کیمپ جیل کا دورہ، 9 قیدیوں کی رہائی کا حکم

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ کے ہمراہ عیدالفطر کے روز کیمپ جیل لاہور کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر اور دیگر جیل حکام نے فاضل جج صاحبان کا استقبال کیا اور چاک وچوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔اس موقع پرجسٹس مامون رشید شیخ نے معمولی جرائم میں ملوث 9 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ،انہوں نے قیدیوں سے عید ملی اور تحائف دیئے، فاضل جج نے جیل ہسپتال سمیت دیگر مختلف حصوں کا دورہ کیا اور قیدیوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا، بچوں کی بیرک کے دورہ کے موقع پر فاضل جج بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں جیل میں بھی ان کی تربیت کا خاص خیال رکھا جانا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ جرائم کی ایک بڑی وجہ بیروزگاری ہے، اگر لوگوں کو مناسب روزگار دستیاب ہوں تو جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن