مسلم لیگ ن، پی پی کرپشن بچانے کیلئے کسی حد تک بھی جا سکتی ہیں: صمصام بخاری
لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام بخاری نے کہا ہے کہ شہبا زشریف لندن سے واپسی پر اسحاق ڈار کو ساتھ لانا نہ بھولیں۔ عید کے بعد صرف بجٹ آئے گا،کوئی احتجاجی تحریک نہیں چلے گی۔اوکاڑہ میں ایک تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کا گٹھ جوڑ پھر بے نقاب ہونے جا رہا ہے۔زرداری اور شریف خاندان ایک دوسرے کو داؤ پر لگانے کے چکر میں ہیں۔حکومت کے نزدیک مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔سابق حکمرانوں نے مشکلات کے انبار چھوڑے۔ تاہم اب صورتحال بہتری کی طرف جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سزا یافتہ شخص کے جیل میں ہونے پر بھی سیاست کی جا رہی ہے۔ نوا زلیگ کی سیاست مفاد پرستی کے گر د گھومتی ہے۔ عمران خان نے کرپٹ عناصر سے سمجھوتہ نہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور وہ اقتدار بچانے کیلئے لوٹ مار کرنیوالوں سے کبھی ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی پی پی اور نواز لیگ اپنی کرپشن کے تحفظ کیلئے کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔