عید وہاڑی میں دو نوجوان‘ ساہیوال 2 بھائی ڈوب گئے
وہاڑی + ساہیوال (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) عید کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، ہیڈ اسلام دریائے ستلج پر نہاتے ہوئے دو نوجوان دریا میں ڈوب گئے ریسکیو ٹیم نے آپریشن نعشیں سے نکال لیں۔ واقعات کے مطابق عید کے دن سیر کیلئے دریائے ستلج ہیڈ اسلام پر جانیوالے دو نوجوان دریا میں ڈوب گئے۔ پانی میں ڈوبنے والے دو نوجوانوں کی نعشیں نکال لی گئیں جن میں سے ایک کی شناخت اکبر کے نام سے ہوئی ہے جسکا تعلق وہاڑی کے نواحی علاقہ کالج ٹاون سے بتایا جاتا ہے جبکہ دوسرے جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔ عیدکے روز پاک پتن چوک ساہیوال کے قریب نہر 9۔ایل میں نہاتے ہوئے ڈوب کر دو سگے بھائی جاں بحق۔ واقعات کے مطابق نہر9۔ایل میں چند طالب علم بچے نہا رہے تھے کہ ظہیر احمد کا بھائی14سالہ رضوان نہاتے ہوئے ڈوب گیا جسے نکالنے کیلئے اس کے بڑے بھائی ظہیر احمد نے چھلانگ لگا ئی اور وہ بھی ڈوب گیا جس پرریسکیو کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ظہیر احمد کو بے ہوشی کی حالت میں نہر سے نکال لیا اور فوری طور پر سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں دو گھنٹے بعد ظہیرا حمد چل بسا ۔تین گھنٹے کی جدو جہد کے بعد ریسکیو کی ٹیم نے رضوان کی لاش بر آ مد کر لی۔