عمران معاشی ترقی کے تمام مضامین میں فیل ہو گئے، پڑھنے کیلئے 2013ء کا اقتصادی سروے بھجوا دیا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو 2013ء کا اقتصادی سروے بھیج دیا ہے۔ عمران خان رپورٹ پڑھیں تاکہ معلوم ہو خدمت کسے کہتے ہیں اور پتہ چلے سیکلٹڈ اور منتخب حکومت میں کیا فرق ہوتا ہے۔ عمران خان اقتصادی ترقی کے تمام مضامین میں فیل ہو گئے۔ پی ٹی آئی نے بنے بنائے گھر بھی اجاڑ دیئے۔ عمران دفاع اور معیشت کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کی قومی اقتصادی سروے رپورٹ عمران صاحب کی نالائقی اور نااہلی کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ ہے، پانچ سال میں پچاس لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا گیا اور پہلے سال ہدف10 فیصد تھا لیکن کارکردگی منفی 7.6 فیصد رہی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ فرق دکھاتی ہے کہ جب عوام کے ووٹوں سے حکومت آتی ہے تو تبدیلی آتی ہے، جب ووٹ چور حکومت آتی ہے تو ہر شعبے میں منفی ترقی ہوتی ہے۔ عمران صاحب قومی اقتصادی سروے رپورٹ نے آپ اور آپ کی حکومت کو نالائقی کا ہار پہنایا ہے۔ یہ رپورٹ مسلم لیگ (ن) نے نہیں لکھی، یہ آپ کا اپنا لکھا ہوا اعمال نامہ ہے۔ جب آپ نے سب اہداف میں فیل ہونا تھا تو اپنی نالائقی کے مطابق ہدف مقرر کرتے؟۔ عمران صاحب کرائے کے جھوٹے ترجمان آپ کی نالائقی و نااہلی کو جھوٹ کے ذریعے چھپا نہیں سکتے۔ اس منفی کارکردگی کے بعد اپنے اور قوم سے نیکی کریں اور معافی مانگ کر گھر چلے جائیں۔ عمران صاحب نے 10ماہ میں خوشحال ملک کو مایوسی، بیروزگاری، غربت میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں دیا،قوم کے لئے آپ ذلت اور تباہی کی سونامی ثابت ہوئے ہیں۔