معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی کراچی میں انتقال کرگئے
کراچی( سٹاف رپورٹر) معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی طویل علالت کے باعث کراچی میں انتقال کرگئے۔ علامہ عباس کمیلی کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کی عمر 70 برس تھی۔وہ ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے لیے سرگرم رہے اور فلسطین فائونڈیشن کے بانی سرپرست اراکین میں سے بھی تھے۔علامہ عباس کمیلی متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بھی رہے، انہوں نے ہمیشہ مختلف مکاتب فکر کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔مرحوم کی نما ز جنازہ شاہ خراساں میں ادا کی گئی بعد ازاں تدفین حسینی باغ چاکیواڑا قبرستان میں کی گئی ۔ دریں اثنائگورنر سندھ عمران اسماعیل ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صو بائی وزراء ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبو ل صدیقی ، پاک سرزمین پارٹی کے چیئر مین مصطفیٰ کمال ، سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار، میئرکراچی وسیم اختر سمیت مختلف تنظیموں اور نمایاں شخصیات نے معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میںانہوں نے کہا کہ علامہ عباس کمیلی معروف عالم دین کے ساتھ ساتھ بہترین انسان بھی تھے، ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ان کا خلا پر کرنا ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ علامہ کے انتقال سے ملک خصوصاً کراچی ایک متحرک عالم دین سے محروم ہو گیا ہے، بین المذاہب و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ رکھا جائے گا، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات کو بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔