آسٹریلیا میں قاتلانہ حملہ کرنے والی داعش سے متاثر طالبہ کو 42 سال قید
کینبرا (نیٹ نیوز) داعش سے متاثرہ طالبہ نے پہلے عراق جانے کی کوشش کی اور ناکامی پر آسٹریلیا کا رخ کیا۔ آسٹریلیا میں اپنے مالک مکان پر قاتلانہ حملہ کرنے والی داعش سے متاثر بنگلہ دیشی طالبہ مومنہ شمع کو 42 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تعلیم کی غرض سے بنگلا دیش سے آسٹریلیا آنے والی 26 سالہ طالبہ مومنہ شمع نے گزشتہ برس فروری میں اپنے مالک مکان راجر سنگاراولیو پر تیز دھار چھری کے وار کرکے زخمی کردیا تھا۔عدالت کو دیئے گئے اپنے اعترافی بیان میں بنگلہ دیشی طالبہ نے بتایا کہ کمسنی میں ہی داعش سے متاثر ہوگئی تھی اور 2013 میں شام جانے کی خواہاں تھی لیکن موقع اور اسباب نہیں مل سکے پھر آسٹریلیا میں تعلیمی سکالر شپ مل گئی تو غیر مسلموں کو سبق سکھانے کا موقع مل گیا۔مومنہ شمع نے مزید بتایا کہ میں کسی بھی غیر مسلم کو قتل کرنا چاہتی تھی اس کے لیے آسٹریلیا میں اندھیرے میں دیکھنے والا چشمہ خریدا اور تیز دھار آلے سے رات کے اندھیرے میں نرم بستر پر وار کرنے کی مشق کی۔میرے پہلے مالک مکان نے یہ مشق دیکھ لی اور مجھے گھر خالی کرنے کا کہا جس کے بعد مجھے دوسرے مالک مکان راجر کے پاس بھیجا گیا اور میں نے 9 فروری کو ان پر حملہ کردیا۔ مومنہ کو تعلیمی سکالر شپ کے تحت آسٹریلوی گھرانوں میں ٹہرایا گیا تھا۔اعترافی بیانات، تعلیمی سکالر شپ کے وقت لیے گئے انٹرویو اور تفتیش کی روشنی میں عدالت عظمیٰ نے مومنہ شمع کو 42 سال قید کی سزا سنادی جس میں سے 31 سال 6 ماہ تک پیرول پر بھی رہا نہیں کیا جا سکے گا۔