نااہل حکومت مسائل کے حل میں ناکام، معیشت کا جنازہ نکال دیا: سعد رفیق
لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن )کے رہنمائو ں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق سے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں ا ن کے اہل خانہ ، عزیز واقارب اورسیاسی کارکنان نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹوٹ بٹوٹ حکمران مودی کی خوشنودی کے حصول کے لیے مِنتوں پر اتر آئے ہیں۔ ڈپلومیسی سے نابلد حکومت پاک بھارت تعلقات کے ایشو پر قومی وقار کو دائوپر لگا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی،بیروزگاری اور معاشی بحران نے عام آدمی کا کچومر نکال دیا ہے نالائق حکومت قومی مسائل کے حل میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ اورمعیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے ۔سعد رفیق نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ریلوے کی تعمیر نو کی کامیاب تحریک کو ریورس گئیر میں ڈال دیا ہے۔ہمارے دور میں 20روز کا ایندھن سٹاک اب 3دن کے سٹاک تک آگیا ہے بغیر منصوبہ بندی نئی چلائی جانیوالی ٹرینز کروڑوں روپے کا خسارہ کر رہی ہیں ۔ ٹرینوں کی پابندیِ وقت 77فیصد سے گر کر 60فیصد سے بھی کم ہو چکی ہے۔