مفاد عامہ کا تحفظ اپوزیشن کی ذمہ داری، کسی غریب پر ٹیکس نہیں لگنے دیں گے: سید حسن مرتضیٰ
لاہور (صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ بجٹ میں کسی غریب پر ٹیکس نہیں لگنے دیں گے، بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیا تو احتجاج کریں گے، عوام کے مفاد کا تحفظ کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے، عوامی مسائل پر ہر فورم پر آوازاٹھائیں گے، آئی ایم ایف کا بنایا گیا بجٹ منظور نہیں ہوگا ، حکومت کو اب عوامی مفادکو سامنے رکھتے ہوئے پالیسی بنانا ہوگی، پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مالی وسائل پر ڈاکہ زنی کی وجہ سے پنجاب میں علاج معالجے کی سہولیات تک محدود ہو گئی ہیں، صوبہ بھر میں سرکاری سکولز اور بنیادی صحت مراکز فنڈز اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور میڈیکل ٹیسٹ تک بند ہو چکے ہیں، فنڈز روکے جانے کی وجہ سے ترقیاتی کام ٹھپ ہو گئے ہیں، پنجاب بڑا ترقیاتی کام رکنے سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہو گئے ہیں، بیروزگاری اور مہنگائی بڑھنے کی وجہ سے صوبے میں ڈکیتیوں اور راہزنی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔