حکومت 10 ماہ سے کڑ کڑ کر رہی ہے انڈے نہیں دے رہی: حافظ حمد اللہ
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر امیر کوئٹہ مولانا حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ مر غیاں پہلے انڈے دیتی ہیں پھر کڑ کڑ کرتی ہیں لیکن بدقسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت 10 ماہ سے کڑ کڑ کررہی ہے لیکن انڈے نہیں دے رہی۔ وزیر اعظم نے عوام سے وعدہ انڈے، بکریاں اور کٹے دینے کا کیا تھا لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے عوام پر ڈنڈے کے زور پر مہنگائی مسلط کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے نجم المدارس کلی چلتن رئیسانی یونٹ کے امیر مولانا محمد طاہر توحیدی، سرپرست اعلی حاجی محمد سلیمان جتک، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ظفر اللہ جتک، ناظم مالیات حافظ سعد اللہ، مولانا امین اللہ امین، حافظ محیب اللہ، حافظ علاؤ الدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ عزیز اللہ عزیز ی بھی موجود تھے۔ سابق سینیٹرمولانا حافظ حمد اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 10 ماہ سے قوم کو خوشنما نعروں اور جھوٹ سے ورغلایا ہے۔ روز گار کے بجائے نوجوانوں کو بے روزگار کردیا،گھر دینے کے بجائے قوم کو بے گھر کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو لانے والی طاقتیں خود پر یشان ہیں، تبدیلی دعویدار حکومت نے مہنگائی سے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، مہنگا ئی کی وجہ سے غریب خو د کشی پر مجبور ہے، لوگ دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ یوٹرن خان نیازی نے جو وعدے کیے وہ وفا نہیں ہوئے جبکہ وہ صادق اور امین بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک کے مجموعی امن و امان کی صورتحال کو مخدوش بنا یا جا رہا ہے جبکہ موجودہ حکومت کی خارجہ اور داخلی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں۔