عمران خان کی کامیابیوں سے پاکستان کے بدخواہ شدید مایوس ہیں، ہمایوں اختر
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے موجودہ حالات سے ہرگز مایوس نہیں بلکہ درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پر عزم ہیں ،وزیرا عظم عمران خان نے مشکل حالات کے باوجود غیر معمولی فیصلے کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ نڈر اور وژن رکھنے والے لیڈر ہیں اور پوری دنیا ان کے اقدامات کو سراہا رہی ہے ۔ گزشتہ روز ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکمران ملک کو مسائل کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل کر گئے اور یہ سمجھ رہے تھے کہ وزیر اعظم عمران خان حالات سے مایوس ہو جائیں گے اور شکست مان لیں گے لیکن یہ ان کی خام خیالی ثابت ہوئی ۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت گھمبیر چیلنجز سے نبرد آزما ہے اور کامیابیاں حاصل کر رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر موجود بد خواہ شدید مایوسی کا شکار ہیں