• news

عید محبت کا پیغام‘ گلے شکوے فراموش کر کے اتحا دکا مظاہرہ کیا جائے‘ شاہ عبد الحق

کراچی (آن لائن) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کہاکہ عید شکرِ خداوندی کے ساتھ ساتھ اخوت، محبت و رواداری کا دن ہے ،آپس کے تمام گلے شکووں کو فراموش کر کے اتحا د و محبت کا عملی مظا ہرہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اختلافات سے قطع نظر ایک دوسرے کو برداشت کر تے ہوئے تنقید کے بجائے محبت اور حسن سلوک کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے مقبول آباد سوسائٹی میں جما عت اہلسنّت کراچی کی تقریب عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جما عت اہلسنّت ایک غیر سیاسی تنظیم ہے اہلسنّت کے وسیع ترمفادکیلئے ہم تمام سنی تنظیموں سے تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ عید ملن میں حاجی حنیف طیب ،علامہ عبد الحفیظ معارفی، مولانا نسیم احمد صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر مفتی بلال قادری،سید رفیق شاہ، مفتی ناصرخان ترابی،غفران احمد،مولانا عبد الحمید ،مولانا عاشق حسین سعیدی،قاضی ارشاد حسین،آصف قادری،مولانا اصغر تونسوی ،جا وید قادری، شرف قادری،نفیس قادری،افضال ترابی، سید بلال باپو، شریف احمد خان کے علاوہ جما عت اہلسنّت کراچی کے عہدیداران و کارکنان کثیر تعداد میں شریک تھے۔نیز علامہ شاہ عبد الحق قادری نے شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور دہشت گردوں کے خلاف بر سرِپیکار پاک افواج کے جوان ہما را فخر ہیں ۔انہوں نے شہداء کیلئے بلندیٔ درجات اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن