کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار‘ نظام زندگی متاثر
کراچی(نوائے وقت نیوز) کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری گرمی کی لہرہفتہ کو بھی برقراررہی۔ شہرمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہہا، دن کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 60 فیصد رہاہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ رہنے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی تاہم دن بھر مغربی اور جنوب مغربی ہوائیں چلتی رہیں۔دریں اثناء سندھ حکومت نے کراچی میں گرمی کی شدت انتہائی بڑھنے سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والے پیغام کی تردید کردی۔مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر گردش کرنے والا پیغام سندھ حکومت نے جاری نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کوئی ریڈ الرٹ بھی جاری نہیں کیا گیا، شہری اس طرح کے جھوٹے اور جعلی پیغامات پر کان نہ دھریں۔