سرگودھا: اغوا کی رنجش پر مخالفین کی جنازے پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق
سرگودھا(نامہ نگار) سرگودھا کے قصبہ شاہپور کے گاوں کنڈان کلاں میں اغواء کے رنجش پر مسلح افراد کی جنازے پر فائرنگ سے دوافراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے دونوں مقتولین کو نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ اس واقعہ میں 45 سالہ لال خان موقع پر جاں بحق جبکہ توقیر احمد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ تین زخمی ابھی زیر علاج ہیں۔ پولیس نے دونوں مقتولین کی نعشیں ہسپتال میں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کردیں جنہیں سپردخاک کر دیا گیا جبکہ واقعہ کا مقدمہ قتل و اقدام قتل درج کر کے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے۔ ذرائع کے مطابق موضع کنڈان کلاں کے ایک شخص کے انتقال پر مرحوم کی نماز جنازہ پر دو سگے بھائیوں سمیت مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 45 سالہ لال خان کو قتل اور چار افراد مرتضی،ظفر اقبال،توقیر احمد اور محمد ممتاز کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ فریقین میں اغواء کے رنجش چلی آرہی تھی اور وہ علاقہ کے مرحوم کی نماز جنازہ پڑھنے آئے ہوئے تھے کہ مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی اور پولیس نے مقتول کی نعش اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک شدید زخمی توقیر احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جن کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دی گئیں۔