سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے:خالد محمود
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر قدرتی آفات میاں خالد محمود نے شمالی وزیرستان کے علاقہ خاڑ کمر میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں شہید ہونیوالے فوجی افسروں اور جوانو ں کی روح کے ایصال و ثواب کیلئے اپنی اقامت گاہ پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کرائی اس موقع پر کارکنوں شہریوں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے کہا کہ ایک بین الاقوامی سازش کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ایسے واقعات کرائے جا رہے ہیں ان واقعات میں بھارت افغانستان اسرائیل ملوث ہے انہوںنے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ اپنی جان کی قربانی دیکر پاکستان کی حفاظت کی ہے پاکستان کی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے پاک فوج کی طرف سے دفاعی بجٹ میں کمی تنخواہوں میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ ملکی سوچ کا حامل ہے انہوںنے کہا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ پاکستان کے طاقتور لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کھڑا کیا ہے اب یہ لوگ پاکستان کے نہیں بلکہ اپنی بقاء اور چوری چھپانے کی جنگ لڑ رہے ہیں بہتر ہوتا کہ شہباز شریف لندن سے واپسی پر اپنے بیٹوں بھتیجوں اور اسحاق ڈار کو بھی ساتھ لیکر آئیں تاکہ پاکستان کے لوگ بھی ان کے ساتھ مل کر احتجاج میں حصہ لیں لوگوں کو ان لیڈروں کی اصلیت کا علم ہو چکا ہے ۔