شو بازیاں آتی ہیں نہ جعلی کام، سابق حکومت کی ترقی اشتہارات تک محدود تھی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محض شو بازیاں کرکے خادم اعلیٰ کا جعلی میڈل سینے پر نہیں سجایا جاسکتا بلکہ اس کیلئے عوام کی بے لوث خدمت اور عام آدمی کے مسائل کا احساس کرنا پڑتا ہے۔ سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے بنائے جس کا فائدہ صوبے کے عوام کونہیں ہوابلکہ الٹا خزانے پر بوجھ پڑا۔ آج یہاں ایک بیان میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہمیں شو بازیاں آتی ہیں نہ جعلی کام کرتے ہیں۔ ماضی کی حکومت کی ساری ترقی اشتہارات تک محدود تھی۔ سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث نظام میں سرایت کی گئی خرابیاں ٹھیک کررہے ہیں۔ عوا م کی خدمت ہمارا مشن ہے، جسے پورا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ مختصر مدت میں وہ کام کردکھائے ہیں جو سابق حکومتیں پانچ سال میں نہ کرسکیں۔ نظام کو بھی درست کریں گے اورخرابیوں کو بھی۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو کھوکھلے نعروں کے نام پر دھوکہ دیا۔جنوبی پنجاب کے لوگوں سے ووٹ لیے لیکن علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا۔جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے اور بجٹ میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔جنوبی پنجاب کے علاقوں کی ترقی کیلئے علیحدہ ترقیاتی بجٹ مختص کیا جارہا ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نئے مالی سال سے فعال ہوجائے گا، جہاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی اور متعلقہ محکموں کے سپیشل سیکرٹریز تعینات ہوں گے اورجنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل مہیا کریں گے۔ ماضی میں عام آدمی کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔کبھی عام آدمی کو روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر دھوکہ دیا گیا اور کبھی ترقی کے جعلی منصوبوں کے نام پر۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی حالت کو بدلیں گے اور تحریک انصاف کی حکومت عوام کے حقوق کی نگہبانی کرے گی۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کی ذمہ داری کو فرض نہیں عبادت سمجھ کر پورا کریں گے۔