• news

جعلی اعظم، خاندان اور دوستوں کیلئے الگ قانون ہے: مریم نواز

لاہور(این این آئی) مریم نواز نے کہا ہے کہ جب ساری قومی اپوزیشن کو جعلی احتساب کا شکار بنا لیا جائے تو پوری قوم کی نظریں انصاف کا جھنڈا اٹھائے ججوں اور کھرے انصاف کا حلف لینے والی عدلیہ پر جم جاتی ہیں، اپوزیشن کے لیڈروں کو چن چن کر گرفتار کرنے سے جعلی اعظم اس جواب سے نہیں بچ سکتا جو اسے ہر حال میں دینا پڑے گا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ جعلی اعظم کہتا تھا کہ پاکستان میں غریب کیلئے ایک قانون ہے اور امیر کے لیے دوسرا قانون ہے ۔ حالانکہ سب سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ پورے پاکستان میں امیر ہو یا غریب ان کے لئے الگ قانون ہے اور جعلی اعظم، اسکے خاندان اور اس کا خرچ اٹھانے والے امیر دوستوں کے لیے الگ قانون ، ان کے لئے کوئی قانون ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر اور احتساب غیر جانبدارا نہ ہوتا تو چور دروازے سے آیا جعلی اعظم اپنا اور اپنی بہن کا احتساب دینے کیلئے آج کٹہرے میں ہوتا ۔ جعلی اعظم اگر یہ سمجھ رہا ہے کہ ووٹ چرانے، مہنگائی کا طوفان برپا کرنے ، معیشت کا ستیا ناس کرنے ، ادویات، بجلی اور گیس کے بلوں میں ہوشربا اضافے اور عوام کی زندگی جہنم بنانے کا جواب سیاسی مخالفین کی گرفتار یاں ہیں تو باہر نکل کر دیکھو عوام تمہیں کیسے کوس رہے ہیں ،یہ ڈرامہ اب نہیں چلے گا۔ جنگل کے قانون اور مہذب ریاست میں یہی فرق ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن