زرداری نے گرفتاری دیکر بہتر فیصلہ کیا‘ شہباز شریف کے بیان پر حیرت ہوئی: صمصام بخاری
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری نے آصف زرداری کی ضمانت مسترد ہونے اور گرفتاری پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری نے گرفتاری دے کر بہتر فیصلہ کیا۔ قانون سب کے لئے برابر ہے۔ زرداری کی گرفتاری کے معاملے میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔ کیونکہ موجودہ حکومت نے نہ تو نیب کو بنایا ہے اور نہ ہی آصف زرداری پر کیسز قائم کئے ہیں۔ صمصام بخاری نے کہا کہ شہباز شریف کے آصف زرداری کیلئے حمایتی کلمات پر انہیں حیرانگی ہوئی۔ ایک دفعہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ ملک لوٹنے والے سب اکٹھے ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی کرپشن اور لوٹ مار کا ملبہ موجودہ حکومت پر نہ ڈالیں۔ صوبائی وزیر نے قوم کے نام وزیراعظم کے پیغام کے حوالے سے کہا کہ یہ پیغام وقت کی آواز ہے۔ عمران خان ملک و قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ ماضی میں ملک لوٹا گیا‘ ہم خزانہ دوبارہ پھرنا چاہتے ہیں۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں کی طرح ہمیں بھی ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنا ہو گا۔ عوام کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔