قصور: گتہ فیکٹری کے کنویں میں گیس بھرنے سے 2 محنت کش جاںبحق
قصور+ جمبر (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) گتہ فیکٹری کے کنوئیں میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے دومحنت کش جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمبر روہی نالہ کے قریب ملتان روڈ پر واقع گتہ فیکٹری میں کام کرنے والے محنت کش عارف سکنہ کوٹ رادھا کشن اور علی اکبر سکنہ عارفوالہ موٹر مرمت کرنے کے لئے کنوئیں میں اترے جہاں گیس بھرے ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور مرنے والوں کی نعشیں کنوئیں سے باہر نکالیں تاہم کسی قسم کی قانونی کاروائی نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق مرنے والے دونوں محنت کش عرصہ دراز سے اسی جگہ محنت مزدوری کر کے اپنے گھر والوں کی کفالت کر رہے تھے۔