پی سی بی نے فضل محمو د نیشنل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کو مذاق بنا دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ نے فضل محمو د نیشنل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کو مذاق بنا دیا۔ ٹورنامنٹ میں بورڈ حکام کی کی ایک کے بعد ایک لاپرواہی سامنے آنے لگی، بورڈ حکام نے لاہور ایسٹ زون میںلیگ مرحلے کے ڈراز کا بغیر مشاورت اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ نے طریقہ کارسے ہٹ کر لاہور ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیگ مرحلے کے ڈراز کا اعلان کر دیا۔ بورڈ حکام نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شدید گرمی کے باوجودٹیموں کے تین تین میچز بغیر وقفے کے نکال دئیے۔ اس کے ساتھ ساتھ پی سی بی حکام نے میچز کے گراونڈز اور امپائرز بھی خود تعینات کردئیے۔طریقہ کار کے مطابق بورڈ حکام صرف میچز کے ڈراز نکالتے ہیں جبکہ میچز کی تاریخ، وینیوز اور میچ آ فیشلز کی تعیناتی ڈسٹرکٹ اور زونل حکام کرتے ہیں۔ بورڈ حکام نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شیڈول میں ایل سی سی اے اور اتفاق ایل آر سی اے گراونڈ پر میچ نکال دئیے۔ دونوں گراونڈ 15 جون کے بعد کھیلنے کے لیے تیار ہوں گے جبکہ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق میچز 11جون سے شروع ہوں گے ۔پی سی بی شعبہ ڈومیسٹک کرکٹ حکام کے رویے پر کلبوں اور کرکٹ آرگنائزرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔