مشکل حالات میں عوام دوست بجٹ پر وزیراعظم کو مبارکباد: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور فنڈزکے درست استعمال کو یقینی بنانے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کی جا ئے گی۔ وزیراعلیٰ نے معائنہ ٹیم، اینٹی کرپشن اور متعلقہ محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں سمیت ڈیر ہ غازی خان ڈویلپمنٹ پیکیج کی نگرانی کیلئے موثر میکنزم تشکیل دے دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کے میکنزم پر من وعن عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ معائنہ ٹیم، اینٹی کرپشن اور متعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی کا عمل ہر سطح پر جاری رکھا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں سمیت ڈیرہ غازی خان ڈویلپمنٹ پیکج پر ہونیوالی پیشرفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے۔ اعلیٰ معیارکو یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی منصوبوںمیں تعمیراتی کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اعلی معیارسے ہی عوام کے پیسے کا درست استعمال یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ صوبے کے عوام کے وسائل کا امین ہوں ،کسی کو وسائل ضائع نہیں کرنے دوں گا۔ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پنجاب میں کمرشل بینکوں کے ذریعے اراضی کی فرد ملکیت جاری کرنے کا نیا نظام شرو ع کیا جارہا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بینکوں میں فرد ملکیت کے اجراء کے لئے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کیے جائیںگے۔ پنجاب حکومت نے آن لائن فرد ملکیت کے اجراء کا بھی فیصلہ کیا اور یکم جولائی سے گھر بیٹھے آن لائن فردملکیت کے حصول کا سسٹم فعال ہوجائے گا۔ عوام کی سہولت کیلئے ہر لینڈ ریکارڈ سینٹرز میں ریونیو واجبات جمع کرانے کا انتظام کیا جائے۔ لینڈ ریکارڈ سینٹرز کے دائرہ کار کو بڑھانے‘ عوام کی سہولت کے کسی بھی پراجیکٹ میں تاخیرتکلیف دہ امر ہے اور میںاپنے عوام کو تکلیف اورمسائل کا شکار دیکھ کر خوش نہیں رہ سکتا۔ لینڈ یوٹیلائزیشن پالیسی کی جلد منظوری لے کر اس کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔ سرکاری اراضی کو لیز پر دے کر کاشتکاری کے فروغ کا شفاف نظام لایا جائے گا۔ ریونیو سٹاف سے متعلق بدعنوانی کی شکایات قعطاً قابل برداشت نہیں۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر ایک سماجی ومعاشی مسئلہ ہے جس کے پس پردہ کئی عوامل کارفرما ہیں۔ بچے پھولوں کی مانند ہو تے ہیں اوران کے حقوق کا تحفظ سب کی ذمہ داری ہے۔ عثمان بزدار نے موٹروے پر حافظ آباد کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار نے مشکل حالات میں بہترین متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم عمران خان وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت نے معاشی استحکام کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے اور بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کرکے ماضی کی غلطیوں کی اصلاح کی ہے۔