24لاکھ روپے آمدن والوں کو ڈیڑھ لاکھ ٹیکس ادا کرنا ہوگا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چینی پر جنرل سیلز ٹیکس کا ریٹ 8فیصد سے بڑھا کر 17فیصد کردیا گیا ہے جس سے چینی 3روپے 64پیسے فی کلو مہنگی ہوگی، سگریٹ کے حوالے سے ٹیکسوں میں جو ردوبدل کیا گیا ہے اس کے مطابق سگریٹ پر ٹیکس کی تیسری سطح کو ختم کردیاگیا ہے اب دو سطح پر ٹیکس عائد کردیا گیا ہے جس کی پہلی سطح میں اگر فی ہزار سگریٹ کی پرچون قیمت پانچ ہزار نو سو ساٹھ روپے سے زائد ہو تو اس پر پانچ ہزار دو سو فی ہزار سگریٹ ایکسائز ڈیوٹی لگے گی جبکہ دوسری سطح میں پانچ ہزار نو ساٹھ روپے فی ہزار سگریٹ کی خوردہ قیمت کے حامل سیگریٹس پر ایک ہزار چھ سو پچاس ہزار فی ہزار سگریٹ ایکسائز ڈیوٹی عائد کردی گئی ہے۔ حکومت نے جو انکم ٹیکس کی مد میں تنخواہ دار طبقے کے لیے جو شرحیں بڑٖھائیں ہیں ان کے مطابق پچاس ہزار روپے ماہانہ آمدن پر ٹیکس کی شرح بدستور صفر رہے گا۔ ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدن پر اڑھائی فیصد، ایک لاکھ پچاس ہزار روپے ماہانہ آمدن کے حامل شخص کے لیے پانچ فیصد، دو لاکھ روپے کے حامل افراد پر 7.5فیصد اور تین لاکھ روپے ماہانہ آمدن پر 10.8فیصد، پانچ لاکھ روپے ماہانہ والے پر 14.9فیصد، چھ لاکھ روپے ماہانہ آمدن پر ٹیکس کی شرح 16.2فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے بارہ لاکھ روپے ماہانہ آمدن والے کو دو ہزار روپے ٹیکس دینا پڑتا تھا اب یہ رقم پچس ہزار سالانہ روپے ہوگی، ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ آمدن پر اس وقت پچیس ہزار تھا جو بڑھ کر 75ہزار روپے کردیا گیا ہے، دو لاکھ روپے ماہانہ آمدن پر اس وقت پچاس ہزار روپے تھا جو اب ڈیڑھ لاکھ روپے سالانہ ہو گا۔ تین لاکھ روپے ماہانہ کی آمدن پر اسوقت ٹیکس انیس ہزار دو سو روپے تھا جسے بڑھا کر بتیس ہزار پانچ سو کردیا گیا ہے۔ ایک کروڑ روپے کی ماہانہ آمدن پر اس وقت ٹیکس چوبیس لاکھ جوبیس ہزار سے بڑھا کر تیس لاکھ نو ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔سونے و چاندی پر ایک فیصد جی ایس ٹی عائد کی گئی ہے تاہم جیولری میں جو سونا استعمال ہو گا اس پر 1.5فیصد ہیرے پر 0.5فیصد کا سیلز ٹیکس لگے گا۔ اس طرح جیولری پر مجموعی طورپر جی ایس ٹی کی شرح تین فیصد کی گئی ہے۔ تاہم زیور میں استعمال ہونے والے سونے پر انپٹ ایڈجسٹمنٹ مل جائے گی۔ سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن مکمل طور پر خود کار بنادی جائے گی۔ حکومت کے زیرو ریٹنگ دینے کے اختیار کو ختم کردیا گیا ہے۔