مقبوضہ بیت المقدس ،اسرائیلی فوج نے متعدد فلسطینی گرفتار کر لیے
مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز)قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے سے متعدد فلسطینی نوجوان اغوا کر لیے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قابض صہیونی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں شروع کیں اور الخلیل میں فلسطینیوں کی متعدد گاڑیوں کو ضبط کر لیا۔گذشتہ رات الخلیل کے شمال میں شویخ العروب گائوں میں مقامی نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان پر تشدد جھڑپوں میں ایک نوجوان کمر میں گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا۔مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوجیوں نے جبل المکبر اور عین حلوہ کے علاقوں پر دھاوا بولا اور مقامی نوجوانوں کے ساتھ جھڑپوں میں لڑکی سمیت پانچ فلسطینی نوجوانوں کو اغوا کر لیا۔قابض صہیونی فوج نے قلقیلیہ کے مشرق میں مغربی کنارے کے قصبے اماتین پر چھاپہ مارا اور فلسطینی شہری کو اغوا کر لیا،اس سے پہلے قابض صہیونی فوج نے قلندیہ چیک پوائنٹ پر فلسطینی لڑکی سے چاقو برآمد ہونے کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔