پاکستانی فنکاروں پر پابندی سے بھارت اپنا بھیانک چہرہ دکھا رہا ہے: بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا اپنی حکومت کیخلاف پھٹ پڑیں
ممبئی (نیٹ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پرپابندی کے خلاف پھٹ پڑیں۔ اداکارہ دیا مرزا نے اپنی نئی ویب سیریز ’’کافر‘‘ کی لانچنگ تقریب کے دوران پاکستانی فنکاروں پرلگائی جانے والی پابندی کے خلاف آواز اٹھائی اوراس پابندی کو دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پابندی سے ہم دنیا کو یہ بتارہے ہیں کہ بھارت کتنا خوفناک ہے۔دیا مرزا نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے پر بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فن ہمیشہ خوف کے ہاتھوں متاثرہوتا ہے اوراسے خوف سے نقصان پہنچتا ہے لیکن خوف ہی کی وجہ سے آرٹ دوبارہ متحد وتوانا ہوتی ہے۔بھارتی اداکارہ نے کہا کہ مجھے یقین ہے ہم پر تھوپے گئے تعصبات صرف ہمیں ہی اپنے ہمسایوں سے دور نہیں کریں گے بلکہ ہمارے ہمسایوں کو بھی ہم سے دور کردیں گے۔دیا مرزا نے کہا کہ ہم نے خود کو رابطے اور تبادلے کے موقع سے محروم کردیا ہے، ہم دنیا کو صرف یہ دکھا رہے ہیں کہ ہم کتنے بھیانک ہیں۔