• news

10 برس میں لئے قرضوں کی تحقیقات کیلئے کمشن کے ٹی او آرز پر غور

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کی زیر صدارت کمشن آف انکوائری سے متعلق اجلاس میں کمشن کیلئے ٹی او آرز انکوائری ایکٹ 2017ء کے تحت قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے سینئر افسروں پر مشتمل ہوگا کمشن 2008ء سے 2018ء تک کے ملکی قرضوں سے متعلق تحقیقات کرے گا اعلامیہ کے مطابق کمشن اس بات کا جائزہ لے گا کہ کوئی مہنگا منصوبہ شروع نہ ہونے کے باوجود اتنے قرضے کیوں لئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں آئی جی سمیت مختلف عہدوں پر تعینات رہنے والے شعیب سڈل کو انکوائری کمیشن کا سربراہ بنانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں وزیرقانون فروغ نسیم ، احتساب کے بارے میں معاون خصوصی شہزاد اکبر ، آڈیٹر جنرل بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں تحقیقاتی کمیشن کیلئے ٹی او آرز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیشن تمام وزارتوں میں مالیاتی بے قاعدگیوں کی بھی تحقیقات کرے گا، کمیشن لوٹی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کیلئے بھی کام کرے گا، کمیشن سرکاری خزانے کے ذاتی استعمال کی بھی تحقیقات کرے گا، غیر ملکی دوروں اور بیرون ملک علاج کے اخراجات کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ کمیشن ذاتی رہائش گاہوں کیلئے سڑکوں کی تعمیر اور کیمپ آفسز کی بھی تحقیقات کرے گا۔ کمیشن عالمی شہرت کے حامل فرانزک آڈیٹر اور ماہرین کی خدمات حاصل کر سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن