آصف باجوہ کی طیب اکرام سے 2گھنٹے ملاقات ‘تعاون بڑھانے پر اتفاق
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ کی ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹووایف آئی ایچ ایگزیکٹو بورڈ ممبر طیب اکرام سے دو گھنٹے کی طویل ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ایشین ہاکی اور پاکستان ہاکی کے درمیان باہمی تعاون برھانے ، پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی واپس لانے اور مل کرساتھ کام کرنے و دیگر معاملا ت پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں ایشین ہاکی اور پاکستان ہاکی کے درمیان مشترکہ ہائی پروفائل اکیڈمی کے قیام معاہدے پر اتفاق ہوا جو کہ جلد ہی عمل میں لایا جائے گا۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کافی عرصے سے انٹر نیشنل ہاکی کی بحالی کیلئے کوشاں ہے طیب اکرام پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی بحالی کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن اور پی ایچ ایف مل کر ہائی پرفارمنس ہاکی اکیڈمی بنائیں گے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو طیب اکرام نے کہا کہ میرے ایچ ایف اور ایف آئی ایچ کیلئے پاکستان ہاکی کے ساتھ مل کر کام کرنا اعزاز ہے۔ اے ایچ ایف اور ایف آئی ایچ ہمیشہ پاکستان ہاکی کو اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان ہاکی کا انٹرنیشنل ہاکی میں بہت اہم مقام ہے۔ پاکستان ہاکی کی اہمیت کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا کہ پاکستان ہاکی کو پانچ مرتبہ وائلڈ کارڈ ملا ہے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن پی ایچ ایف کے ساتھ مل کر ہائی پرفارمنس اکیڈمی بنانے کیلئے تیار ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستان میں جلد بین الاقوامی ہاکی بحال ہو۔ پاکستان ہاکی کو ابھی تک کوئی جرمانہ نہیں ہوا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو پرولیگ سے دستبردار نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ ایف آئی ایچ انکوائری کمیشن کا اجلاس لوزان میں ہوگا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے اولمپکس میں شرکت ڈسپلنری کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہوگی۔ پاکستان بھارت ہاکی سیریز ایشیا میں ہاکی بحالی کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے اولمپیئن آصف باجوہ کو سیکرٹری جنرل بننے پر مبارکباد دی اور اطمینان کا اطہار کیا۔