طبیعت ناساز: زرداری کے پی آئی سی راولپنڈی میں ، ٹیسٹ رات گئے نیب آفس واپس
لاہور، اسلام آباد+راولپنڈی (نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹرسے+ ایجنسیاں) سابق صدر آصف علی زرداری کی نیب کی حراست میں طبیعت ناساز ہو گئی، ان کے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ٹیسٹ ہوئے۔ پولی کلینک کے تین رکنی میڈیکل بورڈ نے سابق صدر کا معائنہ کیا۔ سابق صدر میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی حراست میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کا بلڈ پریشر لیول ہائی ہو گیا۔ آصف زرداری کراچی ہسپتال منتقل ہونے پر اصرار کر تے رہے ۔آصف زرداری کو رات گئے واپس نیب آفس منتقل کردیا گیا۔ دوسری طرف سابق صدر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر فوری جاری کرنے سے سپیکر نے معذرت کر لی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر معاملہ وزارت قانون کو بھجوا دیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا فیصلہ وزارت قانون کی رائے کے بعد ہوگا۔ اس سے قبل آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈرز پر سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ پیپلز پارٹی کے وفد کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر نے پیپلز پارٹی کو کوئی واضح جواب نہیں دیا۔ پیپلز پارٹی آج جمعہ کے روز آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء پر بضد ہے۔ پیپلزپارٹی کی طرف سے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے کے معاملے شدید ردعمل کے اظہار کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی سید نیر حسین بخاری نے واضح کیا ہے کہ حکومتیں ذاتی دشمنی سے نہیں وسیع النظری سے چلتی ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی کا آصف زرداری، علی وزیر، محسن داوڑ اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا جانبداری کا واضح ثبوت اور طرز عمل ہے۔ پروڈکشن آرڈرز کا اجرا اراکین کا آئینی حق ہے۔ سپیکر پروڈکشن آرڈر جاری کرکے اپنی غیر جابندارا نہ حیثیت بحال کر سکتے ہیں۔ بجٹ اجلاس چل رہا ہے اور اپوزیشن اراکین کو ایوان میں آنے سے روکا جا رہا ہے۔ فرد واحد کی ڈکٹیشن پر عمل سے ایوان کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔ اپوزیشن کی زبان بندی کے نتائج خطرناک ہونگے۔ پارٹی کی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے کہا ہے کہ اجلاس میں شرکت آصف علی زرداری کا آئینی حق ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اپنے منصب کی لاج رکھیں۔ سپیکر آصف زرداری کا پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔ کٹھ پتلی وزیراعظم پارلیمنٹ سے مذاق بند کریں۔ پیپلزپارٹی خیبر پی کے صدر محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کا آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کی مذمت کرتے ہیں اور سلیکٹڈ سپیکر قومی اسمبلی سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں آصف زرداری کا پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے آج آصف زرداری کے پراڈکشن آرڈر جاری نہ ہونا اپوزیشن کو ہراساں کرنے کے مترادف ہوگا۔پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں، یا گھر جائیں ۔ سپیکر اگر اپنے ارکان کے حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتے تو انہیں کرسی پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ سپیکر کو اپنی غیرجانبداری ثابت کرنا ہوگی ، سپیکر نیازی کا دبائو برداشت نہیں کر سکتے تو پھر استعفی دے دیں۔