اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کے 6 گھر اور دیگر عمارتیں منہدم کردیں
غزہ (اے پی پی + این این آئی) اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے 6 گھروں اور بعض دیگر عمارتوں کو بلااجازت تعمیر ہونے کی وجہ سے منہدم کر دیا۔ فلسطینی ذرائع سے موصول معلومات کے مطابق دریائے اردن کے مغربی کنارے پر اردن وادی میں 5گھروں،مشرقی بیت المقدس کے قالندیہ مہاجر کیمپ میں ایک زیر تعمیر گھر اور بعض دیگر زیر تعمیر عمارتوں کو اسرائیلی فورسز کی طرف سے منہدم کر دیا گیا ہے۔قالندیہ مہاجر کیمپ میں انہدام کے آغاز سے قبل اسرائیلی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اطراف کے لوگوں کو انہدام کی جگہ کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے منسلک بیت القدس بلدیہ کے بلڈوزر پولیس اور فوج کی بھاری نفری کے ہمراہ علاقے میں پہنچے اور ایک زیر تعمیر گھر اور 3 دیگر عمارتوں کو منہدم کر دیا۔ دریں اثناء یہودیوں نے الخلیل اور دیگر علاقوں میں فلسطینیوں کے گھر مسمار کرکے زمین پر قبضہ کرلیا۔اسرائیلی فوج نے بلڈوزر لیکر الخلیل میں فلسطینیوں کو بندوق کے زور پر مجبور کیا کہ وہ اپنے گھر خود منہدم کردیں۔ صیہونی فوج نے دیگر علاقوں میں فلسطینیوں کے زیتون کے باغات کے درخت کاٹ کر پورا باغ اجاڑ دیا۔اسرائیل مقبوضہ بیت المقدس کی زمین پر قبضہ کرکے اسے دارالحکومت میں تبدیل کرنا چاہتاہے۔