عالمی بنک نے پاکستان کیلئے 51 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کے قرض کی منظوری دیدی
اسلام آباد(آئی این پی)عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 51 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کے قرض کی منظوری دیدی۔تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کیلئے اکیاون کروڑ اسی لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔ ورلڈ بینک کے اعلامیے کے مطابق قرض ٹیکس وصولیاں بڑھانے کے2منصوبوں کیلئے فراہم کیا گیا ہے۔ 40 کروڑ ڈالر کا ایک منصوبہ ایف بی آر کو ٹیکس محاصل بڑھانے میں معاونت فراہم کرے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت ٹیکس نظام کو سادہ بنایا جائے گا،ٹیکس اور کسٹم انتظامیہ کی استعدادکار کو ٹیکنالوجی اور فنی مہارت سے بہتر بنایا جائے گا۔ ایف بی آر ڈیجٹلائزیشن سے ٹیکس دہندہ کی معلومات کو زیادہ ٹیکس وصولیاں کیلئے استعمال کرسکے گا۔عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت پاکستان کی ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو آئندہ 5 سالوں میں 17 فیصد پر لایا جائے گا۔ملک کے 12 لاکھ ٹیکس دہندہ کی تعداد کو 35 لاکھ تک بڑھایا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کے دوسرے قرض سے خیبر پی کیمیں ٹیکس وصولی کے منصوبے کا آغاز کیا جائیگا۔