اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کی برطرفی کا حکم معطل کر دیا
اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکیھرا کی برطرفی کا حکم معطل کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے محتسب مشتاق سکیھرا کی برطرفی پر حکم امتناع جاری کیا۔ عدالتی حکم کے مطابق مشتاق سکیھرا کو ہٹانے کا حکم آئندہ سماعت تک معطل رہے گا۔ مشتاق سکیھرا بحالی کے باوجود آئندہ سماعت تک اختیارات کا استعمال نہ کریں۔عدالت نے صدرمملکت کے سیکرٹری‘ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور وزارت قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مشتاق سکیھرا کی برطرفی کے خلاف درخواست پر فریقین سے دو ہفتوں میں شق وار جواب طلب کر لئے۔