عمران،مودی میں مصافحہ ہوا،کرغیزستان سے 2021 ء میں بجلی ملنا شروع ہوگی: شاہ محمود
بشکیک (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بشکیک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس سی او فورم میں بہت سے معاہدے ہوئے۔ صحت‘ تعلیم اور ثقافت کا فروغ معاہدوں میں شامل ہے۔ ایس سی او فورم پر پاکستان نے 3 معاہدے بھی کئے۔ فورم پر علاقائی روابط کے فروغ پر بات ہوئی۔ وزیراعظم کی چینی صدر کے ساتھ ملاقات مثبت رہی۔ وزیراعظم کی دوسری نشست روسی صدر کے ساتھ ہوئی۔ روسی صدر سے ملاقات میں خطے کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی۔ وزیراعظم کی روسی صدر کے ساتھ ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ وزیراعظم کی کرغیزستان کے صدر کے ساتھ بھی نشست ہوئی۔ کرغیزستان سے 2021ء میں بجلی کی سپلائی شروع ہو جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان اور بھارتی ہم منصب مودی کے درمیان سربراہ اجلاس کے دوران مصافحہ ہوا ہے۔ مختصر بات چیت بھی ہوئی۔ دونوں نے بھارتی انتخابات سے متعلق بات چیت کی۔ مودی کے ساتھ ملاقات کوئی طے شدہ نہیں تھی، دنیا داری تھی وہ ہوئی ہے۔ مذاکرات کے حوالے سے پاکستان نے جو کہنا تھا کہہ دیا۔ بھارت ابھی تک اپنے الیکشن کے ذہنی دباؤ سے آزاد نہیں ہو پایا۔ مذاکرات کا فیصلہ بھارت نے کرنا ہے۔ پاکستان نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا ہے۔ مذاکرات کیلئے کوئی عجلت نہیں نہ کوئی گھبراہٹ ہے۔ بھارت جب بھی مذاکرات کیلئے تیار ہو گا‘ پاکستان کو تیار پائے گا۔ بھارت کے ساتھ برابری اور باوقار طریقے سے مذاکرات کریں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم مودی مجھے کھوئے کھوئے سے نظر آئے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ مودی جی وزیراعظم عمران خان سے آنکھیں نہیں ملا پا رہے۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے موقع پر مودی کی آنکھیں بند تھیں۔ تعجب ہوا‘ روسی ‘ چینی زبان میں تقریریں سننے کیلئے مودی نے ہیڈ فون نہیں لگائے۔ عمران خان اور روسی صدر کے درمیان پاک روس دوطرفہ تعاون پر بہت مثبت گفتگو ہوئی۔ امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں آئی ایم ایف معاہدے‘ ایف اے ٹی ایف سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ امریکہ کو چاہئے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے۔ پاکستان افغان امن عمل میں امریکہ کی مدد کر رہا ہے۔ پاکستان کے مثبت رویئے پر امریکہ بھی مثبت ردعمل کا مظاہرہ کرے۔
اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ان کے بھارتی ہم منصب کے درمیان جمعہ کے روز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ’’لیڈرز لاؤنج‘‘ میں ملاقات ہوئی ہے۔ جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان علیک سلیک ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا ہے۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے خارجہ امور سے متعلق حکام نے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق جب پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پوچھا گیا کہ مودی عمران ملاقات کتنی دیر تک جاری رہی تو شاہ محمود قریشی نے جواب دیا ’’میرے پاس سٹاپ واچ نہیں ہے‘‘۔ بھارتی اخبار کے مطابق عمران خان اور نریندر مودی بشکیک میں ایک ریسٹورنٹ میں کھانے کی میز پر ایک دوسرے کے سامنے بیٹھے تھے۔ لیکن اس موقع پر دونوں نے کوئی بات چیت نہیں کی۔ ایس سی او لیڈروں کے ڈنر کے بعد موسیقی کے پروگرام میں بھی عمران خان اور نریندر مودی پہلی قطار میں بیٹھے تھے لیکن یہاں بھی کوئی گفتگو نہ ہوئی۔