• news

مودی سرکار انتہا پسندوں کو کیفر کردار تک پہنچائے: امریکہ

واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز، آن لائن) اعلیٰ امریکی عہدیدار برائے جنوبی ایشیا نے بھارت میں نو منتخب مودی سرکار پر زور دیا ہے فوری طور پر مذہب کی بنیاد پر ہونے والے تشدد کی مذمت کر کے انتہا پسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ امریکی ذیلی کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس میں سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی قائم مقام سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے بتایا کہ بھارت کو اس بات پر بھی راضی کرنے کی کوشش کی کہ روس سے ایس-400 دفاعی میزائیل نظام نہ خریدا جائے۔اجلاس میں امریکا اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ ہماری بات چیت میں ہم نے ایک جامع معاشرے کو محفوظ بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملک میں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے مسئلے پر بھی بات کی۔بھارتی آئین میں مذہبی آزادی کے تحفظ کا ذکر کرتے ہوئے ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ ’ہم مذہب کی بنیاد پر ہونے والے تشدد اور اس میں ملوث افراد کو سزا دینے کے لیے بھارت کے جمہوری طریقے سے منتخب رہنماؤں اور اداروں کی جانب دیکھ رہے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدامات بھارت کی سلامتی اور اقتصادی مفادات کو مضبوط کریں گے بلکہ ہمارے باہمی تعلقات کو بھی بہتر بنائیں گے۔ایلس ویلز کے اس بیان کا ذکر کرتے ہوئے امریکی میڈیا نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ بھارتی وزیراعظم کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی قوم پرستی، مذہب اور فلاح و بہبود کی پالیسیوں کے لیے بھارتی کی ہندو اکثریت سے اپیل کر کے انتخابات میں کامیاب ہوئی ہے۔امریکی میڈیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ بی جے پی نے مسلمانوں کیاآبادی میں ہونے والے بم دھماکے، جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے، کی ملزمہ اور ہندو مذہبی شخصیت کا روپ دھارے ہوئے خاتون کو امیدوار نامزد کیا اور اس اقدام کا دفاع بھی کیا۔دوسری جانب فروری میں جاری ہونے والی مختلف ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال کے جائزے پر مبنی امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں بھی بھارت میں مذہب اور ذات پات کی بنیاد پر ہونے والے تشدد کو اجاگر کیا گیا تھا، اس میں کہا گیا مسلمان اور نچلی ذات کے طبقے سب سے کمزور ہیں۔امریکی رپورٹ میں ایمنسٹی سکیم کا حوالہ دیا گیا تھا جس کے مطابق بھارت میں جنوری سے جون 2018 کے عرصے کے دوران نفرت پر مبنی جرائم کے 98 واقعات رپورٹ کیے گئے اسی طرح جولائی تک 27 ہزار افراد مشتعل افراد کے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن