مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کیا جائے: اردگان
دوشنبے‘ استنبول (نوائے وقت رپورٹ/ اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردگان نے عالمی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ترک صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ پاکستان بھارت مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہے۔ اردگان نے کہا ہے کہ ترکی اپنے استحکام، ملکی امن و امان، ڈیموکریسی اور شہریوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی بدولت امن وآشتی کاپیامبر ہے۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر نے استنبول میں شب قدر کے حوالے سے ایک محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو ہمارا سلام ہو، ہم آپ سب کی سلامتی کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ترکی اور دنیا بھر کے مختلف گوشوں میں ماہ رمضان کی فضیلتوں سے فیض یاب ہونے والے تمام تر اسلامی بھائیوں کو میرا محبت بھرا سلام ہو۔ ہم یہاں پر شام میں بمباری تلے افطاری کرنے والے ہمارے بھائیوں، یمن میں سوکھی روٹی سے بھی محروم معصوم بچوں ، افغانستان ، عراق، پاکستان اور لیبیا میں جھڑپوں تلے اس مقدس ماہ کو گزارنے پر مجبور ہونے والے مظلوموں ، 70 برسوں سے ایک آزاد وطن کی حسرت میں جلنے ولے فلسطینی مہاجرین کے لیے دعا گو ہیں۔" صدر ترکی نے مسلم امہ کے ایک کٹھن دور سے گزرنے کا ذکر کرتے ہوئے اس جانب توجہ مبذول کرائی کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے ، ان کا قتل ِ عام کیا جا رہا ہے اور ان پر ظلم کے پہاڑ لادے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان تمام دردناک واقعات کے خلاف ترکی اپنے پر استحکام اور امن و امان پر مبنی ماحول اور شہریوں کے درمیان اتفاق و سلوک کی بدولت ایک مثالی حیثیت کا حامل ہے۔