ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے سری لنکا‘ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دیدی
مانچسٹر (سپورٹس رپوٹر)ورلڈ کپ 2019ء کے 20ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87رنز سے شکست دیدی۔آسٹریلیا کے 335رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم247رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے 115رنز کا آغاز فراہم کیا۔16ویں اوور میں 115کے سکور پر کوشل پریرا 52رنز بولڈ ہوگئے۔ 153کے سکور پر تھیریمانے 16 کے انفرادی سکور پر بہرنڈورف کی وکٹ بن گئے۔ 186کے سکور پر کپتان کارونارتنے نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر97 رنز پرچلتے بنے۔ 205رنز پراینجلو میتھوز 9 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ 209پر میلنڈا سری وردنے3 ‘ 217پر تھیسارا پریرا 3رنز بناکرپویلین لوٹ گئے۔ 222کے سکور پر کوشل مینڈس 30رنز‘236 رنز پراوڈانا 8رنز‘مالینگا 237 کے سکور پر 1رن‘ 247پر پرادیپ بغیر کوئی رنز بنائے آئوٹ ہوئے۔مچل سٹارک نے 4،رچرڈسن نے 3، کمنز نے 2 اور بہرنڈورف نے 1وکٹ حاصل کی۔ ایرون فنچ نے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم نے سات وکٹوں پر 334رنز بنائے تھے ۔ کپتان ایرون فنچ نے 153رنز کی اننگز کھیلی۔ سٹیون سمتھ 73اورگلین میکس ویل 46رنز بناکر نمایاں رہے ۔ اڈانا اور ڈی سلوا نے دو دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔ 21ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کرلی۔فاتح ٹیم نے ہدف 28 اعشاریہ 4 اوورز میں حاصل کیا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔افغانستان کی ٹیم جنوبی افریقی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 34.1 اوورز میں 125 پر پویلین لوٹ گئی۔ راشد خان 35 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ نور علی زردان 32 اور حضرت اللہ زئی 22رنز پر نمایاں رہے۔جنوبی افریقی بائولنگ کے سامنے 7 افغان بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل ہوئے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔عمران طاہر نے 4، مورس 3 اور فیلکوایو 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک 68رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ ہاشم آملہ 41رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ عمران طاہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔