میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم نئی تاریخ رقم کرے گی:سیاسی شخصیات
مانچسٹر(سپورٹس رپورٹر) مانچسٹر میں موجود سیاسی شخصیات نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں قومی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم نئی تاریخ رقم کریگی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مانچسٹر میں سینئر رہنما صاحبزادہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم بھارت کو شکست دیگی اس کے لیے دعا گو ہیں۔ امید ہے کہ اس مرتبہ نئی تاریخ رقم ہوگی۔ پاکستان ٹیم اگر بھارت کو شکست دیتی ہے اور فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو پھر وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کرینگے کہ وہ انگلینڈ آ کر ٹیم کو سپورٹ کریں اور انہیں 1992ء کے ورلڈ کپ جیتنے والے جذبے کے بارے میں بتائیں۔ وزیر اعظم عمران خان کے نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کے ایڈوائزر انیل مسرت کا کہنا تھا تھا کہ میچ دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب سے زائد لوگوں میچ کو دیکھیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ورلڈ کپ سے پہلے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کے حوصلے بلند کیے تھے امید ہے کہ ہمارے کھلاڑی بھارت کیخلاف میچ میں پوری جان لگا کر میدان میں اتریں گے اور کامیابی حاصل کرینگے۔ مانچسٹر کے لارڈ میئرعابد لطیف چوہان کا کہنا تھا کہ میچ میں اچھی کارکردگی دکھا کر نئی تاریخ رقم کرئے گی۔ مانچسٹر سے پاکستان شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم جا کر اپنے قومی ہیروز کو سپورٹ کریگی۔ انگلینڈ کے شیڈو منسٹر امیگریشن افضل خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب تک ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت سے جیت نہیں پایا انشااﷲ اس مرتبہ پاکستان ٹیم کامیاب ہو کر بھارتی ٹیم کو ہمیشہ کے لیے روک دے گی۔ سابق لارڈ میئر مانچسٹر نعیم الحسن کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے پاکستان ٹیم کامیابی حاصل کر یگی اس کے لیے تمام پاکستانی شائقین سٹیڈیم پہنچ کر اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں۔ پاکستان ٹیم نے دو سال قبل چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو مات دی تھی میچ میں ایک مرتبہ پھر نئی تاریخ رقم کی جائے گی۔