نارووال: کوسٹر کیساتھ تصادم وین میں آگ سے 5، مسافر زندہ جل گئے، 15 زخمی
نا رووال‘ لاہور (نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) ظفروال روڈ پر کوسٹر اور ہائی ایکس ویگن میں خوفناک تصادم، ہائی ایکس ویگن میں آگ لگنے سے دو خواتین سمیت پانچ افراد زندہ جل گئے،آٹھ خواتین سمیت پندرہ مسافر زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صبح پانچ بجے علی پور سیداں سے ظفروال جانے والی مزدا کوچ اور ظفروال سے لاہور جانے والی ہائی ایکس ویگن کا دھبلی والا سٹاپ کے قریب آمنے سامنے تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں ہائی ایکس ویگن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ عینی شاہدین کے مطابق ویگن میں پھنسے اور آگ میں جلتے ہوئے افراد آہ و پکار کرکے مدد کیلئے چیختے رہے، ریسکیو اہلکاروں اور اہل دیہہ نے ویگن کو کاٹ کر لاشوں کو باہر نکالا۔ ریسکیو 1122 فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا لیکن اس دوران پانچ افراد جھلس کر جاں بحق ہوچکے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی جمیل احمد تھانہ صدر کی نفری کے ہمراہ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور صغیر احمد، مقصود احمد، مشتاق، ریحانہ بی بی، مقصودہ بی بی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے کے نام کلثوم بی بی، ریحانہ کوثر، کشور فاطمہ، نازلی، صفیحہ بی بی، مقبول بی بی، زبیدہ بی بی، عطیہ، بلال، امانت علی، شفاقت ،جنید، شاہین ،شاہد اور ثائر علی شامل ہیں۔ تمام زخمی ڈی ایچ کیو ہسپتال نارووال میں زیر علاج ہیں۔ المناک حادثہ پر پورا علاقہ سوگوار ہے۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نارووال ظفر وال روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلی نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ جبکہ انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔