دوست ممالک کیساتھ تعلقات کا فروغ خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح: حسن روحانی ، تعاون بڑھائیں گے: امیر قطر
تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ قطر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔ عرب ٹی وی کا کہنا تھا کہ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں ایشیائی تعاون تنظیم ’سیکا، کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ قطری امیر نے ایرانی صدر کو یقین دلایا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ ایرانی ایوان صدر کی ویب سائیٹ پرجاری ایک خبر میں کہا گیا صدر حسن روحانی اور امیر قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کے ساتھ اہم امور پرمشاورت بھی کی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر نے کہا وہ تمام پڑوسی ملکوں بالخصوص قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ قطر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔ ایرانی صدر نے قطر کے ساتھ تعلقات کو برادرانہ قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے مفادات مشترک ہیں اور دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے وسائل موجود ہیں۔ ہمیں ان وسائل اور طاقت کو دونوں قوموں کے مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہئے۔ اس موقع پر امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے خطے کے تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور جنگ سے حتی الامکان گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا دوحہ تہران کے ساتھ ہرسطح پر تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔