نیشنل ٹی ٹونٹی ڈیف چیمپئن شپ:اسلام آباد ‘گجرات فائنل میں پہنچ گئے
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھیلے جانے والی نیشنل ٹی ٹونٹی ڈیف چیمپئن شپ میں اسلام آباد اور گجرات کی ٹیموں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ لاہور میں جاری ٹورنامنٹ کے گذشتہ روز پلے آف میچز کھیلے گئے جن میں اسلام آباد نے مظفر گڑھ ٹیم کو 67 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے پلے آف میچ میں گجرات نے مظفر گڑھ کو شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ نیو اتفاق گراونڈ میں کھیلے جانے والے پلے آف میچ میں اسلام آباد ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز سکور کیے۔ راشد نے ناقابل شکست 47 رنز بنائے۔ جواب میں ہدف کے تعاقب میں مظفر گڑھ ٹیم 100 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ مظفر گڑھ کی جانب سے وقاص وحید نے سب سے زیادہ 21 رنز بنا ئے۔ اسلام آباد ٹیم نے 67 رنز سے کامیابی حاصل کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ تیسرے پلے آف میچ میں گجرات نے مظٖفر گڑھ ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔مظفر گڑھ ٹیم نے 177 رنز سکور کیے۔ جواب میں گجرات ٹیم نے ہدف سات وکٹوں پر پورا کر کے میچ تین وکٹوں سے جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل آج علیم ڈار اکیڈمی گراونڈ میں کھیلا جائیگا۔ جس کے مہمان خصوصی سابق پاکستان ٹیم منیجر اظہر زیدی، شارجہ کرکٹ کونسل کے سابق ممبر محمد امین اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار ہونگی جو کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرینگی۔