• news

ورلڈکپ 2019:بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دیدی

ٹاؤنٹن(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ورلڈکپ کے 23 ویں میچ میںشکیب الحسن اور لٹن داس کی شاندار اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے ہرادیا۔ ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 322 رنز کا ہدف دے دیا۔ٹاؤنٹن میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔اننگز کے آغاز پر ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل صفر پر پویلین لوٹ گئے لیکن ان کے بعد آنے والے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 122 رنز پر گری جب لیوس 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد شائے ہوپ اور ہیٹمیر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم شائے ہوپ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 96 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے، شائے ہوپ 96، لیوس 70 اور ہیٹمیر 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین، مستفیض الرحمان نے 3، 3 جب کہ شکیب الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف41.3اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا ۔بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال 48‘سومیا سرکار 29‘ مشفیق الرحیم ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے شاندار سنچری سکور کی۔انہوں نے 99گیندوں پر 16چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست124رنز کی اننگز کھیلی ۔لٹن داس نے بھی شاندارففٹی سکور کی انہوںنے 4چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 63گیندوں پر ناقابل شکست 83رنز بنائے۔دونوں ٹیموں نے اب تک ورلڈکپ میں 4 میچز کھیلے ہیں جن میں سے ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش نے ایک ایک میچ اپنے نام کیے ہیں جب کہ 2،2 میچوں میں ان کو شکست ہوئی ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 3،3 ہیں تاہم بہتر رن ریٹ کی وجہ سے ویسٹ اندیز کو بنگلادیش پر برتری حاصل ہے، اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر ویسٹ انڈیز چھٹے اور بنگلادیش آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن