ننکانہ، دیرینہ رنجش پر 2 گرپوں میں فائرنگ، 4 جاں بحق، درجنوں زخمی
ننکانہ صاحب‘ سرگودھا (نامہ نگاران) دو گروپوں میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق‘ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل جٹ گروپ اور اختر جٹ گروپ کے درمیان پرانی رنجش تھی۔ ان کے درمیان گاؤں میں جھگڑا ہو گیا اور کچھ افراد زخمی ہو گئے۔ جن کا میڈیکل رزلٹ لینے کیلئے یہ دونوں گروپ ڈی ایچ کیو آئے۔ اس دوران دونوں گروپ میں تلخ کلامی کے بعد مسلح تصادم ہو گیا۔ جس کے نتیجے میں اختر جٹ گروپ کا ایک شخص جاں بحق جبکہ فیصل جٹ گروپ کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر سی پی او ننکانہ سمیت پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ فائرنگ سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دوسری طرف سرگودھا میانوالی روڈ کے قصبہ قائد آباد کے گائوں گنجیال شمالی کے ڈیرہ ٹھیٹھیہ میں درختوں کی کٹائی کے تنازعہ پر ایک ہی برادری کے دو گروپوں میں اندھا دھند فائرنگ کے تبادلہ میں چار افراد جان بحق اور چار خواتین سمیت 12 افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈیڑھ ٹھیٹھیہ میں درخت کٹائی تنازعہ پر ربنواز اور رمضان گروپوں میں لڑائی ہوئی تھی جس کی رنجش پر دونوں گروپوں کے مسلح افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں چار افراد محمد رمضان، جہاں خان، حبیب الرحمن، ربنواز جاںبحق اور چار خواتین سمیت 12 افراد گل محمد، ظفر اقبال، خدیجہ بی بی اور غلام مصطفے، شاہراب بی بی، احمد اقبال، محمد یار، خدایا، محمد فاروق، محمد شہباز، وزیراں بی بی، امیراں بی بی شدید زخمی ہو گئیں۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال قائد آباد میں پانچ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ ڈی پی او سرگودھا نے رپورٹ آئی جی کو ارسال کر دی۔