• news

مشرف کے منجمد بنک اکاونٹس سے رقم نکلوانے پر ایف آئی اے سے وضاحت طلب

راولپنڈی(آئی این پی ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بینظیر قتل کیس میں پرویز مشرف کے منجمد بینک اکاونٹس سے رقم نکلوانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منجمد بینک اکاونٹس سے رقم نکلوانے پر ایف آئی اے سے وضاحت طلب کرلی۔راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی، تاہم ایف آئی اے پراسیکیوٹر اور تفتیشی آفیسر پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے ملزم پرویز مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات پیش نہ کرنے اور ان کے منجمد بینک اکاونٹس سے رقم نکلوانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔فاضل جج اصغر خان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ منجمد اکاونٹ سے رقم کیسے نکلی؟۔ عدالت نے 27 جولائی تک سابق آرمی چیف و صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے اثاثوں کی مکمل تفصیلات اور رقم نکلوانے کی وضاحت طلب کرلی۔

ای پیپر-دی نیشن