• news

سیاسی ریلو کٹے آکسیجن لینے رائیونڈ جاتے ہیں : فردوس عاشق

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات سپیکر چیمبر کے باہر پیپلز پارٹی کے احتجاج کو دھینگا مشتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا استحقاق ہے، سیاسی ریلو کٹے اب رائیونڈ سے آکسیجن لینے جاتے ہیں،اپوزیشن کے پاس دلیل نہ ہو تو وہ ذاتیات پر حملے کرتی ہے،خواجہ آصف اب اقامہ آصف بن چکے ہیں، خواجہ آصف کو نیب کی طرف سے بلاوے آرہے ہیں،ان کا جواب دیں،حکومت اتحادیوں کیساتھ مل کر بجٹ پاس کرائے گی،قوم سے وعدہ کرتی ہوں عمران خان قوم کو کبھی مایوس نہیں کرینگے، بشکیک میں مودی بارھواں کھلاڑی لگ رہا تھا۔ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پیمرا کونئے چینلز کیلئے 187 درخواستیں موصول ہوئیں، پیمرا نے 11چینلز کو تعلیمی لائسنس دیئے۔معاون خصوص اطلاعات نے کہاکہ کسانوں کے حوالے سے 2 لائسنس جاری کیے گئے، سپورٹس چینلز کے 5 نئے لائسنس جاری کئے گئے۔ انہوںنے کہاکہ سپیکر چیمبر کے باہر دھینگا مشتی ہوئی اور جمہوریت کا مذاق اڑایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ نندی پور اور آمدن سے زیادہ اثاثوں پر نیب خواجہ آصف کو طلب کررہی ہے۔ ماضی کی حکومت خزانے پر ہاتھ صاف کرکے چلے گئی تھی،حکومت اتحادیوں کیساتھ مل کر بجٹ پاس کرائے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ عوام اپوزیشن کے ورغلانے میں کسی صورت نہیں آئینگے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر کا استحقاق ہے۔ دریں اثناء قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم کے خطاب میں خلل ٹیکنالوجی کا مس میچ تھا، آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کیلئے پی ٹی وی کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائیگی، وزیراعظم کی دینی بات پر الفاظ کے چناؤ میں غلطی ہوسکتی ہے، اس متعلق زیادہ بات نہیں کرنی چاہیے، اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین جاوید لطیف نے کہا کہ ہمیں قطعاً وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، دین بارے اگر معلومات کم ہوں تو اس پر بات نہیں کرنی چاہیے۔ فردوس عاشق اعوان نے نئے ایم ڈی پی ٹی وی اور چیئرمین پی ٹی وی کو خوش آمدید کہا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہم سب کمیٹی کو جوابدہ ہیں۔ نفیسہ شاہ نے وزیر اعظم کے خطاب معاملہ اٹھایا اور وزیراعظم کے قوم سے خطاب کے کوئی ایس او پیز تو ہونگے۔ سید امین الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے خطاب میں جو دینی بات کی اسکو نظرانداز کیا جائے۔ سید امین الحق نے کہاکہ ہمیں مذہبی انتہا پسندی کی نفی کرنا ہوگی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے 38 منٹ کی ریکارڈنگ کرائی جو ایچ ڈی پر تھی۔ فردوس عاشق اعوان ن ے کہاکہ پی ٹی وی ایچ ڈی پر نہیں ہے، اس لیے یہ خلل آیا۔ معاون خصوصی نے کہاکہ وزیراعظم کے خطاب میں خلل ٹیکنالوجی کا مس میچ تھا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے سٹینڈ لینا چاہیے تھا کہ ریکارڈنگ پی ٹی وی سے کرائی جاتی۔

ای پیپر-دی نیشن