• news

فضل الرحمان کا 24 جون کواسلام آباد میں اے پی سی بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمان نے 24 اور 25 جون 2019ء کواسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے پی سی دو روز تک جاری رہے گی۔ جس میں موجودہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لئے تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنمائوں سے ملاقاتوں میں کیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زداری نے مولانا فضل الرحمن سے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کو گرانا نہیں چاہتی پاکستان پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے تاہم حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے رابطہ عوام مہم شروع کرنے چاہئیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زداری کے نقطہ نظر سے اتفاق نہیں کیا۔ اور کہا کہ اس بارے میں کوئی فیصلہ آل پارٹیز کانفرنس میں کیا جائے جسے سب کو قبول کرنا چاہیے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف سے ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمن نے بتایا کہ 24 اور 25 جون2019ء کو آل پارٹی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے جس میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے مولانا فضل الرحمن کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اگر وہ حکومت گرانے کے لئے سڑکوں پر نکلنے کی کال دیں گے تو مسلم لیگ ن اس میں بھرپور حصہ لے گی تاہم مسلم لیگ ن نے 24 اور 25جون 2019ء کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لئے تاریخ پر پارٹی کی سطح پر مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔20 جون 2019ء کو پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کی مجوزہ تاریخ کے بارے میں جواب دے دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن